ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ٹمکور کے معروف امام حافظ محمد اعظم صاحب انتقال کرگئے

ٹمکور کے معروف امام حافظ محمد اعظم صاحب انتقال کرگئے

Mon, 04 Apr 2022 19:55:33    S.O. News Service

ٹمکور 4/اپریل (ایس او نیوز) شہر ٹمکور کی معزز شخصیت و برسوں تک شہر میں منصب امامت پر فائز رہنے والے حافظ و قاری محمد اعظم صاحب شاہ قادری طویل علالت کے بعد بروز ہفتہ شام اپنی رہائش گاہ پر انتقال کرگئے۔ انا للہِ وانا الیہ راجعون۔

 بروز اتوار 3اپریل کو بعد ‌نماز ظہر ٹمکور عید گاہ کنیگل روڈ میں نماز جنازہ ادا کی گئی اور جال کا مکان ٹمکور میں تدفین عمل میں آئی ۔ حافظ اعظم صاحب نے جا مع مسجد ٹمکور کے بعد مسجد اعظم سنتے پیٹ میں طویل عرصے تک امامت کی جو شاید ٹمکور کی حد تک ایک ریکارڈ ہے۔چند برس قبل سے وہ وظیفہ یابی کی زندگی بسر کر رہے تھے۔اور چند ایک برسوں سے علیل رہے۔

بچوں سے اتنی شفقت کہ ہمیشہ آپ کی جیب ٹافیوں سے بھری رہتی اور جو بھی بچہ نظر آتا اسے ٹافی دینا آپ کا معمول تھا۔ شہر کے اکثر جوڑوں کے نکاح آپ ہی پڑھاتے تھے۔یہاں تک کہ ایسی بھی مثالیں موجود ہیں کہ باپ، بیٹے اور پوتے تین نسلوں کے نکاح آپ ہی نے پڈھائے ہیں۔

آپ کے انتقال پر شہر کی ملی اور سماجی تنظیموں ،سیاسی رہنماؤں اور معتبر شخصیات نے تعزیت پیش کرتے ہوئے مغفرت اور درجات کی بلندی کے لئے دعا کی ہے۔ آپ کے معتقدین اور مریدین نہ صرف ٹمکور بلکہ کرناٹک اور پڑوسی ریاستوں میں بھی موجود ہیں۔پسماندگان میں پانچ بیٹے،تین بیٹیاں،اور بے شمار معتقدین موجود ہیں۔حافظ قادری محمد اعظم شاہ قادری نے  تقریباً 8 مرتبہ فریضہ حج کی سعادت حاصل  کی وہ بھی اس وقت جب ہوائی جہاز کے سفر کا چلن نہیں تھا۔دعا ہے کہ اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت فرمائے اور تمام پسماندگان اور متوسلین کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین ثم آمین


Share: